ہمارے بارے میں
اسلامک انفارمیشن سینٹر ممبئی
اسلامک انفارمیشن سینٹر اپنی ابتداء سے ہی بدعات و خرافات سے پاک خالص دین کی اشاعت کے لئے کوشاں ہے ۔ قرآن و سنت ہماری دعوت کی اساس اور منہج سلف سے وابستگی ہمارا مسلک ہے ۔ وہ تمام افراد اور تنظیمیں جو قرآن و سنت کی بالادستی ،توحید کے غلغلہ ،شرک و بدعت کے قلع قمع اور مسلک اہل حدیث کے فروغ کے لئے کام کررہی ہیں ہم ان کے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں اور ان سے ہر ممکن تعاون کی درخواست کرتے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ممبئی اور مضافات میں ہورہے دعوتی کام کی تنظیم کی جائے ۔ وہ افراد جو انفرادی طور پر دعوت کا کام کررہے ہیں ان کی تربیت ہو، ان کو علمی سپورٹ اور دعوتی مواد فراہم کیا جائے ۔
ہم چاہتے ہیں کہ دعوت دین کو ابلاغ اور ترسیل کے جدید وسائل سے آراستہ کیا جائے ۔ تاکہ ہماری دعوت ان وسائل کے ذریعہ دنیا کے ایک ایک کونے تک پہنچ سکے۔
امت کا دعوتی محاذ بہت وسیع ہے ۔ تعلیمی ،معاشی ،فلاحی ،سماجی، سیاسی، اخلاقی ،اعتقادی،فروعی سارے دعوت کے میدان ہیں ۔کوئی ایک تنظیم یا بعض افراد کے لئے ان سارے دعوتی میدانوں کا حق اداکرنا ممکن نہیں ہے ۔ اس لئے وہ تمام افراد اور وہ ساری تنظیمیں جو دعوت کے مختلف میدانوں میں سرگرم ہیں سب کی سب حوصلہ افزائی کی مستحق ہیں ۔ اور ان ساری تنظیموں کے درمیان جب تک تعامل کا راستہ ہموار نہیں ہوگا دعوت کا حق ادا نہیں کیا جا سکتا ۔
ہم اللہ کے دین کو سارے ادیان پر اور رسول کی اطاعت کو ساری اطاعتوں پر غالب کرنے کے لئے کام کررہے ہیں ۔ہم اس بات کا آپ کو پورا یقین دلاتے ہیں کہ اپنے علم اور استطاعت کی آخری حدوں تک ہم اس مشن کو خالص قرآن وسنت کی بنیادوں ہی پر آگے بڑھائیں گے ۔ کون سی زمین ہمیں پناہ دے گی اور کون سا آسمان ہم پر سایہ کرے گا اگر اس مشن کا آگے بڑھانے میں ہم اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت شروع کردیں۔
فی الحال ممبئی ہماری دعوتی ترجیح ہے ۔ اس سے آگے بڑھ کر پورے ہندوستان اور اس سے بھی آگے بڑھ کر پوری دنیا میں اپنا دعوتی نیٹ ورک پھیلا دینے کا ہمارا ارادہ ہے ۔ اس مرحلہ میں یہ بات شاید بڑی لگے لیکن اللہ کے فضل سے کچھ بھی بعید نہیں ۔ اور ہم اس کی رحمت سے بالکل بھی مایوس نہیں۔ ویسے بھی ہر بڑے سفر کی شروعات ایک چھوٹے قدم سے ہوتی ہے ۔ اور ہم تو پھر بھی اس سفر کے بہت سے پڑاؤ پار کرچکے ہیں ۔ اللہ کا فضل ،ہمارے عزائم اور آپ کا تعاون ساتھ ہوجائیں تو ہمارے یہ خواب اپنی تعبیروں تک پہنچ سکتے ہیں ۔
اللہ ہمارے عزائم اور آپ کے تعاون کو اخلاص اور نصرت سے نوازے ۔آمین