-
تندرستی ہزار نعمت ہے آپ نے کبھی کسی موقع سے یہ شعر ضرور سنا ہوگا کہ:
تنگدستی اگر چہ ہو غالب تندرستی ہزار نعمت ہے
سچ کہا چچا غالب نے، انسان کے پاس پیسے ہوں لیکن تندرستی اور صحت ساتھ نہ دے تو ان پیسوں کی اس کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں ہوتی لیکن اگر تندرستی ہو اور صحت کا مکمل ساتھ ہو تو انسان محنت مزدوری کر کے تنگدستی کو ختم کرنے کی کوشش کر لیتا ہے اور وقت آنے پر دوسروں کے بھی کام آ جاتا ہے۔
تندرستی ایک گراں قدر سرمایہ ہے جو ہمیں رب کی جانب سے ملی ہے، اس بات پر رب کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اس نے بیماری سے محفوظ رکھ کر صحت و تندرستی والی زندگی دی، ورنہ کتنے ہی اس کے بندے ایسے ہیں جو بیماریوں سے جوجھ رہے ہیں ،چل نہیں سکتے ، کھا نہیں سکتے ،دنیا کی عمدہ اور لذیذ ترین نعمتوں کا مزانہیں لے سکتے۔ اسی وجہ سے نبی کریم ﷺنے فرمایا تھا کہ انسان کو بیماری کے آنے سے پہلے صحت کو غنیمت سمجھتے ہوئے عبادتیں کر لینی چاہیے کیونکہ پتہ نہیں انسان کب بیمار ہو جائے اور اسی بیماری میں اس کا انتقال ہو جائے، بلکہ ایک موقع سے آپ ﷺنے یہ بھی فرمایا کہ:
’’مَنْ اَرَادَ الْحَجَّ، فَلْيَتَعَجَّلْ، فَإِنَّهُ قَدْ يَمْرَضُ الْمَرِيضُ، وَتَضِلُّ الضَّالَّةُ، وَتَعْرِضُ الْحَاجَةُ‘‘
’’ جس نے حج کا ارادہ کر لیا ہو تو اسے حج کرنے میں جلدی کرنا چاہیے کیونکہ کبھی انسان بیمار ہو جاتا ہے، اور کبھی سامان غائب ہو جاتا ہے اور کبھی کوئی ضرورت آن پڑتی ہے‘‘ [سنن ابن ماجہ: ۲۸۸۳،حسن]
انسان کے لئے یہ سوچ ہی جان لیوا ہے کہ وہ بیمار ہو جائے،بیماری اور عارضہ کسی کو بھی محبوب نہیں، بیماریوں کا نام سن کر ہی لوگ گھبراتے ہیں بلکہ بیمار کی عیادت کے فوائد جاننے کے باوجود بہت سے لوگ صرف اس لئے اس کی عیادت کو نہیں جاتے کہ کہیں ہمیں بھی وہ بیماری نہ لگ جائے، لیکن کم ہی لوگ ایسے ہیں جو تندرستی کی قدر کرتے ہیں، صحت کو غنیمت جانتے ہیں اور بیمار ہونے سے پہلے کچھ اچھا کر لیتے ہیں، انسان کو نہیں معلوم کہ کب تندرستی اس کا ساتھ چھوڑ دے گی۔ہم نے پل میں ہٹے کٹے بندوں کو بستر پر پڑے دیکھا ہے اور کچھ ہی دنوں میں ان کی تندرستی کے گراف کا گرتے ہوئے مشاہدہ کیا ہے۔بہت سے نوجوان اور طاقتور انسان یہ سمجھتے ہیں کہ ہم تو طاقتور ہیں، ہمیں کچھ نہیں ہوگا، ہم بیمار نہیں ہو سکتے، ابھی ہمیں موت نہیں آئے گی اس لئے کہ بیماری اور موت تو ضعیفوں، کمزوروں اور بوڑھوں کو آتی ہے لیکن یہ صرف خام خیالی اور فضول سوچ ہے کہ میرے پاس تندرستی ہے تو کبھی ختم نہیں ہوگی اور میں ہمیشہ صحت مند اور توانا رہوں گا، ایسی سوچ رکھنے والے طاقتوروں اور نوجوانوں کو اپنے سماج و معاشرہ کے ان لوگوں کا جائزہ لینا چاہئے جو کل تک انہی جیسے تھے اور ان کے ساتھ تھے مگر بیماری نے ایسا دبوچا کہ آج تک بستر پر پڑے ہیں اور ساری طاقت و توانائی اس بیماری نے نچوڑ کر رکھ دیا یا کبھی موت کا فرشتہ آیا اور ان کی روح قبض کر کے چلا گیا اور ان کی نوجوانی اور طاقت نے انہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچایا، اسی لئے پیارے رسول ﷺنے انسانوں کی ایک حقیقت کو بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ:
’’نِعْمَتَانِ مَغْبُونٌ فِيهِمَا كَثِيرٌ مِنَ النَّاسِ۔الصِّحَّةُ وَالفَرَاغُ‘‘
’’دو نعمتیں ایسی ہیںجن کے سلسلے میں اکثر لوگ دھوکے میں پڑے ہوئے ہیں۔صحت و تندرستی اور فارغ وقت۔ [صحیح بخاری:۶۴۱۲]
کوئی بھی انسان ہمیشہ ایک جیسی حالت پر باقی نہیں رہتا اور نہ ہی اسے کسی مسئلے میں ہمیشگی اور دوام حاصل ہے کیونکہ رب کا یہی قانون ہے اوراس کا قانون ترمیم اور تبدیلی کا شکار نہیں ہوتا، اس رب نے اتنا خوبصورت اور پیارا جسم اور ڈھانچہ دیا ہے اور اس میں ایسی ایسی کمال کی چیزیں رکھی ہیں کہ جن کو دیکھ کر، مشاہدہ اور ریسرچ کر کے انسانی عقل حیران اور ششدر ہے کہ ایک پانچ چھ فٹ کے جسم میں کوئی اتنا کمال کیسے کر سکتا ہے؟ انسان اگر خود اپنا جسم دیکھ لے تو اسے اپنے جسم کا ہر ہر حصہ رب کا انمول شاہکار نظر آئے گا، سر کے بال سے لے کر پیر کے ناخن اور انگلیوں تک میں اسے ان گنت عجائب و کمالات نظر آئیں گے اور یقینا یہ مشاہدہ اسے یہ بتلائے گا کہ پیارے!جس نے تجھے اتنا خوبصورت اور پیارا جسم دیا ہے تواس کو پہچان اور اس جسم کو اس کی عبادت کے لئے وقف کر دے، اس کی عبادت کر، اس کے لئے رکوع و سجدے کر، اور ایسے بن جا کہ اس جسم کا ہر ہر عضو رب کی تسبیح و تحمید میں مشغول ہو جائے اورصحت و تندرستی میں اس کی کثرت سے عبادت کر، اس کے ذکر کا اہتمام کر، تاکہ بیماری آنے سے پہلے تو آخرت کا ذخیرہ جمع کر لے اور رب کے بنائے ہوئے اس جسم کا درست استعمال ہو جائے، یقینا غور کرنے سے یہ ساری چیزیں انسان کو خود سمجھ میں آئیں گی۔
لہٰذا ہمیں چاہیے کہ رب کی جانب سے ملنے والی صحت و تندرستی والی زندگی کی قدر کریں اور تندرستی کی حالت میں اچھائی کے کام کر لیں کہ نہیں معلوم کب صحت ساتھ چھوڑ جائے۔