Vbet Online Cassino Brasil

O Vbet Brasil é um dos sites de apostas mais procurados da América do Sul. Totalmente hospedado pelo respeitado arcoirisdh.com, o Vbet Brasil se dedica a fornecer aos seus membros experiências de jogo seguras e protegidas. A Vbet Brasil apresenta algumas das melhores e mais recentes máquinas caça-níqueis e jogos de mesa para os jogadores, dando-lhes a oportunidade de experimentar uma atmosfera de cassino da vida real em sua própria casa. A Vbet Brasil também vem com um forte sistema de bônus, permitindo aos jogadores desbloquear bônus e recompensas especiais que podem ser usados para ganhos em potencial. Em suma, a Vbet Brasil tem muito a oferecer a quem procura ação emocionante em um cassino online!

  • روزہ کا معنیٰ ومفہوم،حکمت ،وفوائد اور چند مشہور غلطیاں

    عربی لغت میں روزہ کو ’’الصوم‘‘ کہتے ہیں جو باب صام یصوم وصیاما سے مصدرہے۔
    اس لفظ کا مادہ ص۔ و۔ م اور صوم کا لغوی معنی ہے ’’کام سے رُک جانا‘‘ کسی جگہ پر ٹھہر جانا۔ کھانے پینے، گفتگو کرنے اور چلنے سے رک جانے کو بھی صوم کہتے ہیں۔ لغوی معنیٰ کے لحاظ سے’’صوم‘‘ کا اطلاق صرف روزے پر ہی نہیں ہوتا بلکہ عربی میں کہتے ہیں۔ ’’صامت الريح‘‘ ’’ ہوا تھم گئی‘‘۔ ’’صام النهار ‘‘ ’’ظہر کا وقت ہو گیا‘‘ (کیونکہ اس وقت آفتاب نصف النہار پر رکا ہوتا ہے)۔ اسی سے’’صامت الشمس‘‘ بھی کہا جاتا ہے یعنی سورج نصف النہار پر مرکوز ہے۔ لہٰذا ’’صوم الصائم‘‘ سے مراد کھانے پینے اور ان تمام امور سے باز آجانا ہے جن سے اسے منع کیا گیا ہو۔ گفتگو سے رک جانے کو بھی ’’صوم‘‘ ہی کہتے ہیں۔ سورہ مریم میں ہے:
    {فَقُولِيٓ إِنِّي نَذَرْتُ لِلرَّحْمٰنِ صَوْما فَلَنْ أُكَلِّمَ الْيَوْمَ إِنسِيّا}
    ’’کہ بے شک میں نے خدا کی رضا کی خاطر چپ کا روزہ رکھا ہے‘‘۔
    [مریم:۲۶]
    اور ساتھ ہی تشریح اور توضیح بھی کر دی:
    { فَلَنْ أُكَلِّمَ الْيَوْمَ إِنسِيّا }
    ’’کہ میں آج کسی انسان سے بات نہ کروں گی‘‘۔
    قرآن مجید ہی سے ثابت ہے کہ حضرت مریم علیہا السلام کا وہ روزہ کھانے پینے سے رُک جانے کا نہ تھا کیوں کہ اس سے پہلے خود رب سبحانہ وتعالیٰ کی طرف سے انہیں حکم ہوا تھا:
    {فَكُلِيْ وَاشْرَبِي}
    ’’کھجوریں کھا اور چشمے کا پانی پی‘‘
    ۔ ہاں اگر کوئی آدم زاد آئے تو کہہ دینا میں نے رب کی رضا کے لیے چپ کا روزہ رکھا ہے۔
    عربی میں بعض اوقات’’قائم‘‘ کو ’’صائم‘‘ بھی کہتے ہیں ،اس لیے کہ وہ اپنی جگہ پر ساکت ہوتا ہے۔ نابغہ ذبیانی کا ایک شعر ’’صوم‘‘ کے اس لغوی معنیٰ کو واضح کرتا ہے:
    خَيْلٌ صِيَامٌ وَّ خَيْلٌ غَيْرُ صَائِمَةٍ تَحْتَ الْعَجَاجِ وَخَيْلٌ تَعْلُكُ اللُّجَمَا
    ’’غبار جنگ کے سائے تلے کچھ گھوڑے ثابت قدم (صائم) ہیں اور کچھ گھوڑے حرکت کرتے ہوئے (غیر صائمہ) اپنی لگاموں کو چبا رہے ہیں‘‘۔
    اس ساری بحث سے یہ نتیجہ منتج ہوا کہ صوم کا لغوی معنی ہے ’’کام سے رک جانا‘‘ خواہ وہ کسی نوعیت کا ہو۔
    اصطلاح شریعت میں صوم کی تعریف اس طرح کی جاسکتی ہے:
    ’’الإمساك عن المفطرات مع النية ،من طلوع الفجر إلى غروب الشمس‘‘۔
    ’’یعنی طلوعِ فجر سے لے کر غروبِ آفتاب تک تمام مفطرات سے اس طرح رک جانا کہ (مکمل روزے کی ) نیت شاملِ حال رہے‘‘۔
    بحوالۃ:[تیسیر العلام شرح عمدۃ الأحکام ،کتاب الصیام ،:ص:۳۱۲]
    روزہ کب فرض ہوا؟
    روزہ ایک ایسی عبادت ہے جو ہر نبی اور اس کی امت پر فرض کی گئی ،کوئی امت روزہ کی فرضیت سے خالی نہیں رہی، اللہ تعالیٰ کا فرمان : { كَمَاكُتِبَ عَلَي الَّذِيْنَ مِنْ قَبْلِكُمْ}  [۱۸۳] اس کی دلیل ہے۔
    امام مجاہد کا قول ہے:
    ’’كتب اللّٰه عزوجل صوم شهر رمضان علٰي كل امة‘‘۔
    ’’ یعنی اللہ تعالیٰ نے رمضان کا روزہ ہر امت پر فرض کیا تھا‘‘
    [تفسیر قرطبی:۱؍۶۵۱]
    اللہ تعالیٰ نے سابقہ تمام امتوں پر روزہ فرض قرار دینے کی خبر ہمیں اس لیے دی تاکہ ہماری نظروں میں اس کی اہمیت اور قدرومنزلت مزید بڑھ جائے،مزید شوق ورغبت پیدا ہوجائے ،نیز یہ کہ روزہ آسان لگنے لگے،کیونکہ کوئی بھی مشکل چیز جب عمومیت اختیار کرجائے تووہ آسان ہوجاتی ہے۔
    ’’اذا عمت البلوي طابت‘‘۔
    ہمارے روزے کو سابقہ اقوام کے روزے سے تشبیہ دینا باعتباراصلِ وجوب ہے، یعنی جس طرح سابقہ اقوام پر روزہ فرض تھا اسی طرح ہم پر بھی فرض ہے یہ تشبیہ باعتبار کیفیت ِ صوم نہیں ہے،کیونکہ ہمارے اور سابقہ اقوام کے روزہ کی کیفیت میں فرق تھا،،جیساکہ ابن عاشور نے فرمایا :
    ’’فَحَصَلَ فى صِيامِ الإسْلامِ ما يُخالِفُ صِيامَ اليَهُودِ والنَّصاريٰ فى قُيُودِ ماهِيَّةِ الصِّيامِ وكَيْفِيَّتِها، ولَمْ يَكُنْ صِيامُنا مُماثِلًا لِصِيامِهِمْ تَمامَ المُماثَلَةِ‘‘
    ’’اسلام کے روزے کی کیفیت یہود ونصاریٰ کے روزے سے بالکل الگ ہے ہمارے روزے ان کے روزے کے مماثل نہیں ہیں ۔ چنانچہ ان کاروزہ عشاء کی نماز سے شروع ہوکر غروبِ آفتاب تک جاتا،جبکہ ہمارار وزہ ابتداء فرضیت میں اسی طرح تھا لیکن پھر اللہ نے آسانی پیدافرماتے ہوئے طلوعِ فجر سے غروبِ آفتاب تک مقرر فرمادیا‘‘۔
    سابقہ اقوام نے اپنے روزہ کے ساتھ اچھا سلوک نہ کیا ،چنانچہ یہودیوں نے رمضان المبارک کی جگہ روزے کے لیے پورے سال کا صرف ایک دن مقرر کرلیا،جو ان کے زعم میں فرعون کے غرق ہونے کا دن تھا،جبکہ عیسائیوں نے جب یہ دیکھا کہ رمضان المبارک تو شدید گرمی کے موسم میں آتا ہے تو انہوں نے قمری مہینہ کی جگہ ایک ایسا شمسی مہینہ تجویز کرلیا جو ہمیشہ موسمِ بہار میں آئے۔
    اس لحاظ سے امت محمدیہ بے شمار آفرین اور شاباش کی مستحق ہے کہ جس نے سابقہ اقوام کی روش کے بالکل برعکس روزے کا حق ادا کردیا،اور کسی بھی مقام پر کسی بھی موسم کی شدت یا روزے کی طوالت ان کے آڑے نہ آسکی اور نہ ہی کسی قسم کی رکاوٹ بن سکی (فللّٰه الحمد والمنة)۔
    اُمتِ محمدیہ پر ر و ز ہ کب فرض ہوا؟
    اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری نبی محمدﷺ اور ان کی امت پر ۲؁ھ میں روزہ فرض فرمایا،گویا رسول اللہ ﷺکی بعثت کے پندرہویں سال روزے کی فرضیت نازل ہوئی، اور رسول اللہ ﷺ کی حیاتِ طیبہ ومبارکہ میں نو مرتبہ رمضان کا مہینہ آیا۔
    روزے کی فرضیت میں اس قدر تاخیر کا سبب بیان کرتے ہوئے علامہ جمال الدین القاسمی اپنی تفسیر میں لکھتے ہیں:
    ’’ولَمّا كانَ فَطْمُ النَّفْسِ عَنْ مَأْلُوفاتِها وشَهَواتِها مِن أشَقِّ الأُمُورِ وأصْعَبِها، تَأخَّرَ فَرْضُهُ إلى وسَطِ الإسْلامِ بَعْدَ الهِجْرَةِ، لَمّا تَوَطَّنَتِ النُّفُوسُ عَلي التَّوْحِيدِ والصَّلاةِ، وألَفِتْ أوامِرَ القُرْآنِ، فَنُقِلَتْ إلَيْهِ بِالتَّدْرِيجِ. وكانَ فَرْضُهُ السَّنَةَ الثّانِيَةَ مِنَ الهِجْرَةِ. فَتُوُفِّيَ رَسُولُ اللّٰهِ ﷺ وقَدْ صامَ تِسْعَةَ رَمَضاناتٍ‘‘۔
    [محاسن التاویل:۳؍۴۱۶]
    چونکہ کھانا پینا اور دیگر شہوات کا ترک لوگوں کے لیے انتہائی مشکل اور دشوارکن امر ہے، لہٰذا اللہ تعالیٰ نے (ازراہِ شفقت ومحبت ) روزے کی فرضیت کو ہجرت کے بعد تقریباً وسط اسلام تک مؤخر رکھا،چنانچہ لوگوں کے نفوس اور طبائع عقیدۂ توحید اور اقامتِ صلاۃ پر پختہ ہوگئے ،اور وہ اوامرِقرآن سے خوب مانوس ومالوف ہوگئے تو اللہ تعالیٰ نے روزہ کی فرضیت نازل فرمادی،اور اس میں بھی تدریج کا پہلو پسند فرمایا(تاکہ اس عظیم عبادت کی ادائیگی میں کسی سستی و کوتاہی کا مظاہرہ نہ ہونے پائے )
    ( دیکھئے تفصیل کیلئے :
    (محاسن التأویل للقاسمی، التحریر والتنویر لإبن عاشور ،و روزہ حقیقت وثمرات صفحہ نمبر:۱۸ تا۲۴)
    محترم قارئین! روزہ ایک عظیم عبادت ہے، رمضان المبارک کاروزہ تیسرا رکن ہے ارکان اسلام میں سے ، روزہ افضل عبادات میں سے اس لیے ہے کہ روزہ میں صبر کی تینوں انواع واقسام (طاعت وبندگی پر صبر کرنا ،معصیت کے کا کام میں مبتلا نا ہونے پر صبر کرنا،اور قضاء وقدرپر صبر کرنا ) جمع ہوجاتی ہیں ۔
    روزہ کے حِکَمْ ومقاصد:
    علماء کرام نے روزہ کی بہت سی حکمتیں بیان فرمائی ہیں،لیکن سب سے بڑی حکمت اورسب سے ارفع وا علیٰ مقصد وہ ہے جس کا اللہ رب العزت نے اپنے مقدس کلام میں ذکر فرمایا ہے:
    { يَااَ يُّهَا الَّذِيْنَ آمَنُوْا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ كَمَاكُتِبَ عَلَي الَّذِيْنَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُوْنَ}
    ترجمہ:’’اے ایمان والو!تم پرروزے رکھنا فرض کیا گیاجس طرح تم سے پہلے لوگوں پر (صوم)فرض کیاگیاتھا تاکہ تم تقویٰ اختیار کرو‘‘
    [البقرۃ:۱۸۳]
    اس آیت میں روزہ کی حکمت یہ بیان فرمائی کہ یہ تقویٰ کا باعث ہے جس کی تفصیل یوں ہے کہ روزہ دوسری تمام عبادات سے بوجوہ منفرد ہے،کہ یہ رب اور بندے کے درمیان راز و نیاز کا معاملہ ہے جبکہ دوسری تمام عبادات مثلاً نماز، حج اور قربانی وغیرہ ظاہری عبادات ہیں جو ظاہری حرکات و سکنات سے بے نیاز ہونے کے باعث ریا جیسی بیماری سے جو کہ بڑی بڑی عبادتوں پر پانی پھیر سکتی ہے۔ محفوظ و مامون ہے اس لیے کہ روزہ دار کے روزہ کی حقیقت (کہ وہ روزے سے ہے یا نہیں) رب تعالیٰ کے سوا کسی کو معلوم نہیں ہوتی۔ مثال کے طور پر ایک آدمی وضو کرتے ہوئے تین دفعہ کلی کرتا ہے۔ اس وقت پانی اس کے منہ میں ہوتا ہے۔ وہ چاہے تو اس پانی کا اکثر حصہ اپنے حلق میں اتار سکتا ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اس کی اس حرکت کو نہیں دیکھ سکتی۔ لیکن ایک چیز اسے پانی کا ایک قطرہ بھی شدید پیاس کے باوجود حلق میں پانی اتارنے سے باز رکھتی ہے اور یہ چیز رب کریم کا خوف ہے جس کا دوسرا نام تقویٰ وخشیت الہٰی ہے کہ محض اللہ تعالیٰ کے ڈر سے اپنی خواہش پر اس نے غلبہ پالیا اور یہ تقویٰ (خواہشات پر کنٹرول) انسان کی ساری زندگی پر اثر انداز ہوتا ہے، مثلاً اگر وہ دوکاندار ہے تو میزان میں کمی بیشی کا مرتکب نہ ہو گا ،اگر کپڑے کا تاجر ہے تو ماپ میں ہیرا پھیری کی خواہش کا گلا گھونٹ دے گا، اگر کسی میڈیکل ہال کا مالک ہے تو دواؤں پر ناجائز منافع حاصل کرکے حصولِ زر کی خواہش کا احترام نہ کرے گا اور اگر ڈاکٹر ہے تو غلط انجکشن یا بے ضرورت دواؤں کا اضافہ نہیں کرے گا و علیٰ ہذا القیاسِ روزہ انسان کے نفس کی اس طرح سے تربیت کرے گا کہ ہر لمحہ خوفِ خدا اس کو گناہوں سے باز رکھے گا اوررضائے الٰہی کا حصول اس کا مقصود ومطلوب ہو گی جو خداوند کریم سے اس کی قربت کا باعث بنے گی۔
    محترم قارئین ! جسدِ انسانیت سے مادیت کے طوفان ہر آن اُٹھتے رہتے ہیں اگر ان طوفانوں کے سامنے بند نہ باندھا جائے تو یہ خاکی بدن ہویٰ و ہوس کا مظہر بن کر رہ جائے، خواہشاتِ نفسانی اس قدر سرکش اورغالب ہو جائیں کہ انسان ان پر کنٹرول نہ کر سکے۔ اور شہوات وشبہات کے دام فریب میں پھنس جائے ، لہٰذا رب کریم نے ضبطِ نفس اور مادیت کے غلبے سے بچانے کے لیے روزہ جیسے عظیم عبادت کا انعام اسے عطا فرمایا تاکہ اس کی روح اور جسم میں توازن برقرار رہے اور نفسِ انسانی مطیع و فرمانبردار ہو کر اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی یاد میں مگن رہے۔
    شیخ ابوعبدالرحمان عبد اللہ البسام نے ’’تیسیر العلام شرح عمدۃ الاحکام:صفحہ نمبر ۳۱۲کتاب الصیام‘‘ میں انتہائی جامعیت کے ساتھ روزہ کی دینی،اجتماعی ،اخلاقی اور صحتِ انسانی کے متعلق کچھ حکمتیں بیان فرمائی ہیں،انہی کے نفیس کلام کا خلاصہ ملاحظہ کیجئے۔
    روزہ کی بلند ترین حکمتوں میں سے ایک حکمت یہ ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی عظیم الشان عبادت ہے ،چنانچہ روزہ شہوت کے بادشاہ کی مخالفت کرکے یا کہیے کہ غلبۂ شہوت کا قلع قمع کرتے ہوئے مکمل خشوع وخضوع کے ساتھ اپنے رب کی طرف متوجہ ہوتا ہے،اور ظاہر ہے کہ نفسِ انسانی جب خوب سیر ہو تو اسے مستی سوجھتی ہے
    {كَلَّا اِنَّ الْاِنْسَانَ لَيَطْغٰي۔اَنْ رَّاٰهُ اسْتَغْنٰي }
    ’’سچ مچ انسان تو آپے سے باہر ہوجاتاہے،اس لیے کہ وہ اپنے آپ کو بے پرواہ (یاتونگر)سمجھتا ہے‘‘
    [العلق:۶،۷]
    لیکن روزہ رکھ کر انسان جب بھوک اور پیاس کی شدت کی بنا پر اپنے عجز وضعف کو ملاحظہ کرتا ہے تو اسے احساس ہوتا ہے کہ نفس کے کِبر اور بڑائی کی تو کوئی حقیقت نہیں،نتیجۃً وہ اپنے رب کے لیے بھی مسکین ورقیق القلب ہوجائے گا،اور مخلوقات کے لیے بھی نرم دل ۔
    روزہ کی اجتماعی حکمت یہ ہے کہ پوری خلق ایک ہی وقت میں ایک عبادت پر مجتمع ہوتی ہے ،چنانچہ خواہ کوئی طاقت ور ہویا کمزور،شریف ہو یا وضیع، مالدار ہویافقیر سبھی کو ایک ساتھ ہی روزہ شروع کرنا ہے اورایک ہی وقت میں افطار کرنا ہے ،تمام کو یکساں بھوک اور پیاس کی تکلیف کو جھیلنا ہے اورصبر کرنا ہے ،یہ چیز قلو ب وارواح میں باہمی ربط، الفت اور محبت پیدا کرنے کا عظیم سبب بن جائے گی،لوگ ایک دوسرے کے ساتھ شفقت ورحمت کا برتاؤکریں گے، بالخصوص مال دار کہ جنہیں بھوک اور پیاس برداشت کرکے معاشرہ کے غریب،تباہ حال اور پسے ہوئے اپنے بھائیوں کی بھوک اور پیاس کا احساس ہوگا،وہ یہ بات سوچنے پر مجبور ہوگا کہ وہ بھوک اور پیاس جسے اس نے صرف ایک ماہ مشکل سے برداشت کیا ،اس کا غریب بھائی اور اس کا پورا کنبہ پورا سال برداشت کرتا اور جھیلتاہے،اس سے یقینا اس کے دل میں سخاوت و فیاضی کا احساس ہوگا،دلوں کی تفریق ،حسد وبغض،عداوت اور رنجش دور ہوں گی،ان کی جگہ محبت اور بھائی چارہ کی فضا استوار ہوگی،نتیجۃً تمام طبقاتِ انسانی میں وہ سلامتی رائج ہوجائے گی جو دینِ اسلام کو مطلوب ہے ۔
    روزہ کی اخلاقی وتربیتی حکمت یہ ہے کہ صبر وتحمل کا درس دیتا ہے، عزیمت و ارادہ کو قوت واستحکام بخشتا ہے، مشاکل ومصائب کا حملہ ہوتو خندہ پیشانی سے جھیلنے بلکہ ان کا مقابلہ کرکے انہیں زیر کرنے کی ٹریننگ دیتا ہے۔
    روزہ صحتِ انسانی کے تعلق سے بڑی پُر حکمت عبادت ہے ، ’’فإن المعدة بيت الداء ،والحمية رأس الدواء‘‘ ،’’یعنی انسان کا معدہ بیماریوں کا گھر ہے اورپرہیز (خلوِمعدہ) تمام دواؤں وعلاجوں کا سردار ہے‘‘،معدے کو آرام وراحت کا وقفہ چاہئے،کیونکہ ہمیشہ اور مسلسل کھانے پینے کی وجہ سے وہ بُری طرح تھکاوٹ کا شکار ہوجاتا ہے،لہٰذا اس طویل ترین مشقت کے بعد اسے اس کے آرام کا مکمل حصہ دستیاب ہونا چاہئے تاکہ وہ استراحت کے اس وقفہ میں جسم سے زائد فضلات اور فاسد مادوں کو نکال باہر کرے اور جہاز ہاضمی وغیرہ کو رواں دواں کرے۔ دیکھئے تفصیل کیلئے : [تیسیر العلام شرح عمدۃ الأحکام :۳۱۲۔۳۱۳]
    روزہ سے مقصود فاقہ کرنا نہیں یا اپنے آپ کو تکلیف میں ڈالنا نہیں ہے ۔ مولانا ابوالکلام آزاد لکھتے ہیں :’’کہ روزہ کے حکم سے یہ مقصود نہیں ہے کہ انسان کافاقہ کرنا اور اپنے جسم کو تکلیف ومشقت میں ڈالنا بلکہ تمام تر مقصود نفس انسانی کی اصلاح وتہذیب ہے ، روزہ کے رکھنے سے تم میں پرہیز گاری کی قوت پیدا ہوگی اور نفسانی خواہشوں کو قابو میں رکھنے کا سبق سیکھ لوگے ‘‘ ۔بحوالہ:[ ترجمان القرآن :۱؍۳۰۸]
    علامہ ابن القیم جوزیہ روزہ کی سِریت ومقصدیت پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھتے ہیں
    ’’للصوم تأثيرٌ عجيب فى حفظ الجوارح الظاهرة والقُوَي الباطنة، واستفراغ المواد الرديئة المانعة لها من صحتها، فالصوم يحفظ على القلب والجوارح صحتها ويعيد إليها ما استلبته منها أيدي الشهوات، فهو من أكبر العون على التقوي‘‘
    ’’ روزہ جوارح ظاہری اور قوائے باطنی کی حفاظت میں بڑی حیرت ناک تاثیر رکھتا ہے ،فاسد مادہ کے جمع ہوجانے سے انسان میں جو خرابیاں پیدا ہوجاتی ہیں ان سے وہ اس کی حفاظت کرتا ہے، جو چیزیں مانع صحت ہیں ان کو خارج کر دیتا ہے اور اعضاء و جوارح میں جو خرابیاں ہوس کے نتیجہ میں ظاہر ہوتی رہتی ہیں وہ اس سے دفع ہوتی ہیں ۔ وہ صحت کے لیے مفید اور تقویٰ کی زندگی اختیار کرنے میں ممد ومعاون ہے‘‘۔
    [زاد المعاد لابن القیم :۲؍۳۵]
    دکتور فضل الرحمان المدنی رحمہ اللہ رقم طراز ہیں:’’ طبی ،اخلاقی اور معاشرتی اعتبار سے بھی روزہ کے بہت سے فوائد ہیں ، اس سے مالداروں کو غریبوں کے فقر وفاقہ اور بھوک و پیاس کی تکلیف کا احساس ہوتا ہے اور صدقہ وخیرات کی ترغیب ہوتی ہے پیٹ اور بلڈپریشر وغیرہ کے مریضوں کے لیے بھی روزہ مفید ہے ، سال بھر خوب شکم سیر ہوکر کھانے سے جو فاسد مادے پیٹ اور جسم کے دوسرے حصوں میں جمع ہوجاتے ہیں اس سے احتساب نفس اور ہر وقت اللہ تعالیٰ کے حاضر وناظر ہونے کے عقیدہ ویقین کو بھی جلاء ملتی ہے ۔
    بحوالہ: (نعمۃ المنان :جلد سوم :صفحہ نمبر۱۴۹)
    علامہ صالح الفوزان اپنی کتاب ’’الملخص الفقہی ‘‘میں روزہ کی کچھ مزید حکمتیں بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ’’یعنی روزہ کو مشروع قرار دینے کی حکمت تزکیۂ نفس ہے ،نیز اسے ردی اخلاط اور رذیل اخلاق سے پاک کرنابھی مقصود ہے،کیونکہ شیطان تو انسان کی رگوں میں گردش کرتا ہے اور روز ے سے (کھانا نہ کھانے کی وجہ سے ) رگوں میں تنگی پیدا ہوتی ہے جس سے گویاشیطان کاراستہ تنگ ہوجاتا ہے ،جبکہ بسیارخوری رگوں کی کشادگی کا باعث ہے ،جو شہوات کی وسعت، ارادے کے ضعف اور عبادت میں قلتِ رغبت پر منتج ہوتی ہے ،روزہ سے انسان ان تمام منفی عوارض سے محفوظ رہتا ہے ،بلکہ روزہ انسان کو زاہد بنادیتا ہے اور آخرت کی رغبت بڑھادیتا ہے‘‘ ۔
    (الملخص الفقہی:،م؍، منقول از کتاب روزہ حقیقت وثمرات صفحۃ نمبر:۲۸)
    روزے کے مادی اور روحانی فوائد :
    معزز قارئین! اسلامی عبادات میں ظاہری اور باطنی ہر قسم کی طہارت ،نفاست و پاکیزگی کا التزام ہر جگہ موجود ہے۔ نماز اگر آئینہ دل کو مجلّٰی اور مصفٰی کرتی ہے تو وضو جسمانی طہارت اور پاکیزگی کے لیے نماز کی اوّلیں شرط قرار پایا۔ اسی طرح اگر عورت کو نقاب اوڑھنے کا حکم دیا تو ساتھ قید بھی لگائی:
    {وَقُل لِّلْمُؤْمِنَـٰتِ يَغْضُضْنَ مِنْ أَبْصَـٰرِهِنَّ}
    ’’کہ اے رسولﷺ! مومن عورتوں سے کہہ دیجئے کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں‘‘۔
    اور یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ جس عورت کی نگاہ عصمت و عفت اور فطری حیا سے خالی ہے۔ اس کے لیے اگر لاکھ نقابوں کا اہتمام بھی کر لیا جائے تو وہ مقصد حاصل نہیں ہو سکتا جس کے لیے ’’یغضضن من ابصارھن‘‘ کی ضرورت پیش آئی۔
    روزہ بھی اس حکمت سے خالی نہیں۔ روزہ سے جہاں انسان کی باطنی طہارت اور روحانی صحت کا التزام کیا گیا ہے وہاں اس کی جسمانی صحت اور نظامِ انہضام کی خرابیوں کا علاج بھی اس میں موجود ہے۔
    پھر یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ کثرت خوری اور وقت بے وقت کھانا معدے کی امراض کا موجب ہیں۔ اس سے جسمانی نشوونما صحیح طریق پر نہیں ہوتی بلکہ غیر متناسب غذا اور کھانے کے غیر متعین اوقات کی بدولت اکثر لوگ لبِ قبر پہنچ جاتے ہیں۔ سال بھر کی ان بے قاعدگیوں کو روکنے اور صحت و تندرستی کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کے لیے یہ لازم تھا کہ انسانوں کو تیس روز تک پابند کیا جاتا کہ وہ متعینہ وقت پر کھائیں، پئیں اور مقررہ وقت کے بعد کھانے پینے سے ہاتھ کھینچ لیں۔ یہ کیسی حکمت ہے کہ عبادات کے ساتھ ساتھ انسان جسمانی صحت بھی حاصل کرتا ہے اور روح کی بالیدگیوں کے ساتھ ساتھ اس کی جسمانی صحت بتدریج کمال حاصل کرتی جاتی ہے۔ تجربہ شاہد ہے کہ رمضان میں اکثر لوگوں کی جسمانی بیماریاں محض کھانے کے اوقات کی پابندی کی بنا پر خود بخود دور ہو جاتی ہیں۔ چنانچہ بڑے بڑے مفسرین اور ائمہ مجتہدین نے روزے کی دوسری حکمتوں کے ضمن میں حکمتِ صحتِ جسمانی کا ذکر بھی کیا ہے۔
    بسیار خوری سے مادیت کا غلبہ بڑھتا ہے اور شہوانی جذبات حملہ آور ہوتے ہیں۔ روزے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ دن بھر بھوکے پیاسے رہنے سے جسمانی اعضاء میں کچھ کمزوری آجاتی ہے جس سے شہوانی جذبات کے حملے ٹھنڈے پڑ جاتے ہیں۔ بھوک اور پیاس جنسی جذبات کی برانگیختگی کو کچل دیتے ہیں۔
    رسول اکرم ﷺ کا فرمان ہے: ’’الصوم جنة‘‘ ’’ کہ روزہ ڈھال ہے‘‘۔
    اس سے مراد صرف یہی نہیں کہ یہ صرف دوزخ کی آگ سے ڈھال ہے بلکہ اس سے یہ بھی مراد ہے کہ روزہ جنسی ہیجان نیز مادی او روحانی ہر قسم کی بیماریوں کے لیے ڈھال ہے اس طرح کہ بھوک پیاس اس کی جنسی خواہشات کو دبا کر اسے خداوند کریم کی طرف راغب کرتے ہیں۔ بخاری اور مسلم میں حضرت عبد اللہ بن عمر سے مروی ہے:
    ’’يا معشر الشباب من استطاع منكم الباء ة فليتزوج فإنه أغض للبصر وأحفظ للفرج ومن لم يستطع فعليه بالصوم فإن له وجاء ‘‘
    ’’کہ اے نوجوانو! تم میں سے جسے نکاح کرنے کی توفیق ہو اسے چاہئے کہ ضرور نکاح کرے، کیونکہ نکاح شرم و حیا اور شرمگاہ کی حفاظت کے لیے سب سے زیادہ مفید ہے اور جس نوجوان کو نکاح کی استطاعت نہ ہو اسے لازم ہے کہ وہ روزے رکھے کیونکہ روزہ جنسی ہیجان کا تدارک کرتا ہے‘‘۔
    تین طرح کے روزہ دار:
    علامہ ابن القیم الجوزیہ رحمہ اللہ نے روزے کے تین مراتب بیان فرمائے ہیں:
    (۱) عام لوگوں کا روزہ ۔(۲) خاص لوگوں کا روزہ۔(۳) خاص الخاص لوگوںکا روزہ۔
    عام لوگوں کا روزہ صرف پیٹ اور شرمگاہ کی خواہشات اور شہوات سے بچاؤ کا نام ہے ۔
    خاص لوگوں کا روزہ پیٹ اور شرمگاہ کی خواہشات وشہوات سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ ،نگاہ،زبان ہاتھ پاؤں ،کان اور دیگر اعضاء کو ہر قسم کے گناہ سے محفوط رکھنے کا نام ہے۔
    جبکہ خاص الخاص لوگوں کا روزہ یہ ہے کہ مذکورہ تمام امور کو ملحوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے قلب کو بھی اس قدر محفوظ بنالیں کہ اس میں ایسے افکار وخیالات کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے جو بندے کو اللہ تعالیٰ سے غافل کرنے یا دور کرنے کا سبب بن جائیں۔
    اب ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے آپ کو چیک کریں، صرف دوسرے پر تبصرہ ہی نہ کریں بلکہ کبھی کبھی اپنے آپ کا بھی حساب کتاب کریں کہ آپ ہم مذکورہ بالا قسموں میں سے کس قسم میں آتے ہیں ۔دیکھئے تفصیل کیلئے: (روزہ حقیقت وثمرات ،رمضان المبارک مقاصد ،نتائج ،رمضان المبارک فضائل ،فوائد وثمرات وغیرہ )
    روزہ اور ہمارا طرزِ عمل:
    رمضان المبارک کا روزہ جن مقاصد حسنہ کی تحصیل کے لیے فرض کیاگیا تھا، ہمارے سلف صالحین نے روزہ کے آداب وواجبات اورمستحبات کی رعایت کرکے ان مقاصد کو پورے طور پر حاصل کیا۔ وہ حضرات دن کو روزہ رکھتے تھے اور راتوں کو ذکر وفکر اور نماز و تلاوت اورقرآن کی تفسیر وتشریح کو سمجھنے میں مشغول رہتے تھے اور رمضان المبارک کے ایک ایک لمحہ کو اللہ کی عبادت میں گزارتے تھے، وہ اپنی زبانوں کو بیہودہ گوئی سے بند رکھتے تھے اور کانوں کو لغو اور فحش باتوں کے سننے سے محفوظ رکھتے تھے، ان کی آنکھیں حرام چیزوں کی طرف قطعاً نہیں اٹھتی تھیں۔ اس طرح اُن کے تمام اعضاء روزہ سے رہتے تھے، لیکن آج ہمارا یہ حال ہے کہ ہم اس مبارک مہینہ کو بھی دیگر مہینوں کی طرح ضائع کردیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے روزہ کو اس لیے فرض کیاتھا کہ اس کے ذریعہ روح و قلب کو فائدہ پہنچے،ایمان میں تازگی آئے ، محاسبہ کرنے کی عادت بنے ، مگر ہم نے روزہ کو پیٹ اور معدہ کو پُر کرنے کا مہینہ بنالیا۔ اللہ نے اُسے حلم و صبر کے حاصل کرنے کا ذریعہ بنایا تھا، مگر ہم نے اُسے غیظ وغضب اور غم وغصّہ کا مہینہ بنالیا ، اللہ تعالیٰ نے اُسے سکینت و وقار کا مہینہ بنایا تھا،مگر ہم نے اُسے گالی گلوچ اور لڑائی جھگڑے کا مہینہ بنالیا، اللہ تعالیٰ نے روزہ کو اس لیے فرض کیا تھا کہ ہماری عادتوں میں تبدیلی آئے،مگر ہم نے سوائے کھانوں کے اوقات میں تبدیلی پیدا کرنے کے کچھ نہیں کیا۔
    ع ببیں تفاوتِ رہ از کجاست تا بہ کجا
    رمضان کے ایام میں ہم سے ہونے والی چند مشہور غلطیاں :
    ۱۔ افطار وسحور اور ماکولات ومشروبات کی خرید وفروخت میں حددرجہ مبالغہ آمیزی ! جب بھی رمضان کی آمد آمد ہوتی ہے بہتیرے مسلمان اشیاء خورد و نوش ،سحری اورافطارکے سامان دسترخوان کو بھانت بھانت کے ماکولات ومشروبات ،حلویات اور کھٹے میٹھے لذت آمیز چیزوں سے سجانے کی فکر لاحق ہوجاتی ہے ، ہزاروں کی شاپنگ ہوتی ہے ، بلکہ اسراف و تبذیر کا واضح عملی نمونہ موسم رمضان میں نظر آتا ہے ، آپ غور کریں تو معلوم ہوگا کہ افطار وسحری کے لیے جتنے اہتمام سے مختلف کھانے پینے کی چیزیں زیب دسترخوان ہوتے ہیں اتنے میں تو فقراء ومساکین کی ایک بڑی جماعت آسودہ ہوسکتی ہے۔
    ۲ ۔ سحری تناول کرنے میں بعض لوگ افراط و تفریط کے شکار ہیں ، یعنی آدھی رات کو ہی کچھ لوگ کھاپی کر سوجاتے ہیں اور کچھ لوگ آذان کے ختم ہونے تک کھاتے پیتے رہتے ہیں ۔ ۳ ۔
    افطاری کرنے میں تاخیر۔ ۴
    ۔ اذان فجر کے دوران بھی کھاتے پیتے رہنا ۔ ۵
    ۔ افطار کے وقت دعا نہ پڑھنا ۔ ۶۔ افطار تناول کرنے میں مشغول رہنا اور اذان کاجواب نہ دینا ۔ ۷
    ۔ از راہ احتیاط طلوع فجر سے قبل ہی کھانا پینا چھوڑ دینا ۔ ۸ ۔ نصف رات کو ہی سحری کھاکے سوجانا۔ ۹
    ۔ بھول کر حالت روزہ میں کھانے پینے والے کو دیکھنے والے کا نہ ٹوکنا یہاں تک کہ پورا ختم کردے ۔ ۱۰۔ عورتوں کو کھان پان پکانے اور مطبخ کے کام میں ہی مشغول رکھنا ، یا درکھیں کہ رمضان کے اعمال و عبادات مثلاً: نماز، روزہ،صدقات و خیرات، تراویح، اذکار، تلاوت قرآن مجیداور دعا و مناجات وغیرہ جیسے مردوں کے لیے ہیں اسی طرح عورتوں کے لیے بھی ہیں، ان اعمال کی ادائیگی پر جس طرح مردوں کو اجر و ثواب ملتا ہے اسی طرح خواتین کو بھی ثواب حاصل ہوتا ہے ۔
    ۱۱ ۔ مردوعورتوں کا صلاۃ مغرب کی ادائیگی میں تاخیر کرنا ۔
    ۱۲۔افطاری کے بعد سو جانا اور تراویح کی نماز نہ پڑھنا ۔
    ۱۳ ۔ صلاۃ فجر کی ادائیگی میں غفلت و کسلمندی سے کام لینا
    ۱۴۔ رمضان کے ایام میں پورا دن سوتے رہنا ۔
    ۱۵۔ ماہ رمضان کو چھٹی کے ایام اور سیر وتفریح کے لمحات سمجھ کر گھومنے پھرنے اور موج مستی میں گزار دینا ۔
    ۱۶۔ رمضان کے روزے کو بوجھ سمجھنا ، اور طرح طرح کی باتیں بنانا ، مثلاً اتنا لمبا دن ، مختصر رات ،گرمی اپنے شباب پر ، تیس انتیس دن تک ۔۔۔۔۔ وغیرہ وغیرہ
    ۱۷ ۔ ماہ رمضان میں نوجوانوں کا موبائل انٹرنیٹ و سوشل میڈیا کا حد سے زیادہ استعمال کرنا کہ وقت نہیں گزررہا ہے ، یہاں تک کہ بعض نوجوانوں کا تراویح چھوڑ کر آئی پی ایل میچ دیکھنا ، یا پب جی ولوڈو گیمس وغیرہ کھیلنا ۱۸
    ۔ شب قدر میں رات رات بھر وعظ کرنا وسننا ، یا رات نہ گزرے تو پارٹی وپکنک میں وقت ضائع کرنا ۔ ۱۹ ۔ روزہ کی حالت میں بھی منشیات سگریٹ ،کھینی اورگُل وغیرہ کا استعمال کرنا ۔
    محترم قارئین! روزہ ایک تربیتی مدرسہ ہے ، روزہ تقویٰ کا سبق دیتا ہے ، روزہ شہوات وشبہات کے فتنے سے بچنے کا راستہ بتاتا ہے ، روزہ سکھاتا ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے اور مستقبل حصول علم وعمل، دعوت وارشاد اور خدمت دین میں گزرے ،روزہ کا پیغام ہے کہ رذیل وخسیس حرکتوں سے اپنے آپ کو کیسے محفوظ رکھا جائے ،زندگی کیسی گذاری جائے، دنیا میں کیسے رہا جائے ،خواہشات پر قابو کیسے پایا جائے مچلتے نفس کو کیسے منایا جائے ۔
    روزہ ایک مسلسل عبادت ہے اور روزہ دار سحری سے غروب آفتاب تک کا سارا وقت خدا کی عبادت میں بسر کرتا ہے۔ ایک نماز پڑھ لینے کے بعد ممکن ہے آپ دوسری نماز تک یاد خدا سے غافل ہو جائیں،کاروبارِ حیات میں غفلت انسان کو اللہ سے دور رکھتا ہے لیکن جب اس کے دل میں یہ احساس جاگ اُٹھتا ہے کہ وہ اللہ کی خوشنودی کی خاطر بھوک پیاس کو برداشت کرنے کی پابندی قبول کر چکا ہے تو وہ اس کوشش میں رہتا ہے کہ اس کا کوئی بھی لمحہ یادِ الٰہی ،ذکر واوراد اور خیر و بھلائی سے غفلت میں بسر نہ ہو۔ چہ خوب ؎
    صرفِ عصیاں ہوا وہ لحظہ عمر جو تری یاد میں بسر نہ ہوا
    اللہ تعالیٰ ہمارے ظاہر وباطن کو پاکیزہ بنائے ،تقوی کی زندگی نصیب کرئے ،علم وعمل کی حیات دئے ، ماہ رمضان کے خیر وبرکات کو سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ۔
    حرف آخر: علامہ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ لکھتے ہیں:’’جی ہاں! یہ مہینہ ایک بار پھر آگیا تاکہ ہمارے پاس احساس وشعور کی کوئی رمق باقی رہ گئی ہو تو ہم اپنی سال بھر کی بے حسی، لاشعوری اور خودفریبی پر اشک ندامت کے قطرے بہائیں ،ہمارے پاس محاسبۂ نفس کی صلاحیت کاکوئی ذرہ باقی رہ گیا ہو تو ہم اپنی کج روی، غلط کاری اور شر نوازی کو توبہ وانابت سے دھلنے کی کوشش کریں۔ ہمارے پاس خیر وشر کاکوئی امتیاز باقی رہ گیا ہو تو داعیٔ خیر کی ندائے غیبی پر لبیک وسعدیک کہتے ہوئے پیش رفت کریں، ہمارے اندر انسانیت کاکوئی گوشہ باقی رہ گیا ہو تو دنیا پرستی سے نکال کر اخوت وہمدردی اور جود و سخا کادروازہ کھولیں ۔ ہمارے اندر عبدیت کا کوئی حصہ باقی رہ گیا ہے تو عصیاں وطغیاں اور بغاوت وسرکشی کی راہ چھوڑکرا طاعت وعبادت کے ذریعہ اسے مکمل کریں۔ اور ہمارے اندر اپنے انجام پر نظر ڈالنے کے لیے کچھ بھی بصیرت وپیش بینی باقی رہ گئی ہو تو آگ میں جلنے کے بجائے رحمت الٰہی اور فلاح آخرت کادامن تھامنے کی کوشش کریں ۔
    یاد رکھئے! وقت کا یہ پیمانہ ہمارے فیصلہ کے انتظار میں رک نہیں سکتا ،یہ رواں دواں پیمانہ ہے اس کا ایک ایک لمحہ ہماری قسمت پر فیصلہ کی مہر لگاتا نہایت تیزرفتاری سے گزرتا جا رہا ہے ،کہیں ایسا نہ ہو کہ ہماری غفلت کے نتیجہ میں یہ فیصلہ ہماری ناکامی ونامرادی پر آخری مہر ثابت ہو ،پس اٹھئے اور زندگی کے بگڑے ہوئے نقشے کو بدل کر رکھ دیجئے‘‘۔
    ترے سینے میں ہے پوشیدہ راز زندگی کہہ دے مسلماں سے حدیث سوزساز زندگی کہہ دے

نیا شمارہ

مصنفین

Website Design By: Decode Wings