-
معرکۃ الآراء کتب کے مقدمات کا تعارفی سلسلہ ’’مقدمہ تحفۃ الاحوذی‘‘ علمی جامعیت کا حسین شاہکار (دوسری قسط) نوٹ : پہلی قسط میں ہم نے’’تحفة الاحوذی ‘‘کے مؤلف اور’’ مقدمه تحفة الاحوذی‘‘ کا تعارف پیش کیا تھا ، اس قسط میں ان شاء اللہ ’’ مقدمہ تحفۃ الاحوذی کی علمی جامعیت ‘‘اور کچھ اہم باتوں کے تذکرے کے بعد اس قسط میںاور آگے کی دیگر آنے والی قسطوں میں ان شاء اللہ منتخب فوائد علمیہ پیش کی جائیں گی۔
مضمون میں جہاں بھی ’’صاحب تحفہ‘‘ کی اصطلاح نظر آئے تو اس سے مراد علامہ عبد الرحمٰن محدث مبارکپوری ہوں گے ۔
مقدمہ تحفۃ الاحوذی کی علمی جامعیت:
جامع ترمذی کی شرح سے قبل ہی علامہ محدث مبارکپوری نے تقریباًمقدمہ کو مکمل کرلیاتھا ،ہاں انہوں نے اس میں حذف و اضافہ کی گنجائش برقرار رکھی تھی ،ترمذی کی شرح سے فراغت کے بعد صاحب تحفہ نے مقد مہ میں بعض عناوین کا اضافہ بھی کیا، دوران اضافہ ہی صاحب تحفہ کا انتقال ہوگیا ،پھر عبد الصمد مبارکپوری اور عبید اللہ رحمانی مبارکپوری نے مراجعہ کا فریضہ انجام دیا ۔
جامع ترمذی کو کما حقہ سمجھنے کے لیے ’’مقدمه تحفة الاحوذی‘‘ کو پڑھنا بے انتہا ضروری ہے،ایک طرح سے جامع ترمذی کو سمجھنے کے لیے یہ مقدمہ کلید کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ مقدمہ گر چہ فن مصطلح الحدیث پر مستقل تصنیف نہیں ہے ، پھر بھی یہ مقدمہ ان تمام بنیادی علو م کو محیط اور گھیرے ہوئے ہے،جو حدیث فہمی کے لیے درکارہیں ، جس بھی شخص کو علم حدیث سے شغف ہے،اسے اس مقدمہ کا مطالعہ لازمی طور پر کرنا چاہیے ، منتہی اور مبتدی کوئی بھی ہو کوئی اس فن کا متخصص کیوں نہ ہو ،وہ اس مقدمہ سے خصوصاً پہلے باب سے مستغنی نہیں ہوسکتا ہے،یہ مقدمہ امام ترمذی کے منہج اور مصطلحات کو واضح کرنے کے لیے کافی ہے، آج بھی علم حدیث اور جامع ترمذی پر کام کرنے والے بڑے بڑے محققین ، باحثین و ماہرین فن اس مقدمہ سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہیں ۔ مختصر یہ کہ یہ مقدمہ تاریخ کے ان مایہ ناز اور جامع علمی مقدمات میں شمار ہوتا ہے جنہوں نے اپنی غزارتِ علمی، باریک بینی اور تحقیق کی بدولت اربابِ علم و فضل کے ہاں زبردست پذیرائی اور قبولِ عام حاصل کیا ہے۔
تنبیہ کے طور پر ایک بات بھی ذکر کرنی ہے کہ بعض قارئین کو اس مقدمہ کے بعض عناوین امام کتانی کی کتاب ’’الرسالة المستطرفة‘‘سے ملتے جلتے نظر آئیں گے ،کوئی یہ گمان کرسکتا ہے کہ صاحب تحفہ نے ان کی کتاب سے نقل کیا ہو کیونکہ دونوں کا زمانہ تقریباً یکسا ں ہے ۔ عبد الرحمٰن محدث مبارکپوری (1283-1353)امام الکتانی (1274-1345)۔لیکن کوئی ایسا قرینہ نہیں ملتا ہے جو اس بات پر دلالت کرے کہ صاحب تحفہ نے ان کی کتاب سے نقل کیا ہو۔ بلکہ جو خصوصیات تحفۃ الاحوذی کے مقدمہ میں ملیں گی وہ خصوصیات ’’الرسالة المستطرفة‘‘ میںنہیں ملیں گی۔
علمی فوائد :
1- قال الهلال بن العلاء الرقي: من الله تعالٰى على هذه الأمة بأربعة في زمانهم: بالشافعي تفقه في حديث رسول الله صلى الله عليه وسلم،وبأحمد بن حنبل ثبت في محنة ولولا ذاك لكفر الناس، وبيحيى بن معين نفى الكذب عن حديث رسول الله صلى الله عليه وسلم، وبأبي عبيد القاسم بن سلام فسر غريب الحديث ولولا ذاك لاقتحم الناس الخطأ۔
ہلال بن العلاء الرقی کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس امت پر اپنے اپنے دور میں چار شخصیات کے ذریعہ احسان فرمایا۔
1-امام شافعی :جنہیں اللہ نے تفقہ فی الحدیث عطا فرمایاتھا،جنہوں نے احادث سے مسائل کا استنباط کرکے اور طریقہ استنباط کو لوگوں میں عام کیا۔
2- امام احمد بن حنبل: جوآزمائش ( فتنۂ خلقِ قرآن ) کے وقت میں ثابت قدم رہے ، اگر انہوں نے ثابت قدمی نہ اختیار کی ہوتی تو کئی لوگ کفر میں مبتلا ہوجاتے۔
3- یحییٰ بن معین :جنہوں نے نبی ﷺ کی جانب منسوب جھوٹی حدیثوں کو چھانٹ کرکے الگ کردیا( صحیح او رضعیف میں تمییز قائم کی )۔
4-ابو عبید القاسم بن سلام جنہوں نے غریب الحدیث(حدیث کے مشکل الفاظ ) کی شرح کی ،اگر وہ نہ ہوتے تو لوگ مشکلات اور غلطیوں میں پڑجاتے ۔
2- عن مالكٍ أنّه قال : لا يؤخذ عن مبتدعٍ يدعو إلى بدعة ، ولا عن سفيهٍ يعلن بالسفه ، ولا عمن يكذبُ في أحاديث الناس ، وإن كان يصدق في حديث النبي صلى الله عليه وسلم ، ولا عمن يعرف في هذا الشأن۔
امام مالک بن انس رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ ایسے شخص سے علم حدیث نہیں لیا جائے گا جو بدعتی ہوکرکے لوگوں کو بدعت کی طرف بلاتا ہو ، وہ بیوقوف جو علانیہ طور پر اپنی بیوقوفی کا مظاہرہ کرتا ہو۔ وہ شخص جولوگوں سےبات چیت کرنے میں جھوٹ بولتا ہو گرچہ حدیث روایت کرنے میں سچا ہو او رنہ اس سے ہی علم حدیث لیا جائے گا جو اس فن میں مشہور وماہر نہ ہو۔
3- تدوین حدیث :عہد نبوی اور عہد صحابہ میں باقاعدہ حدیث کو دو وجوہات کی بنیاد پر مدون نہیں کیا گیاتھا :
1- شروعات میں صحابۂ کرام کو نبی ﷺ نے کتابت حدیث سےمنع کیاتھا ،اس خوف سے کہ کہیں قرآن کے ساتھ خلط ملط نہ ہوجائے ۔ عہد نبوی میں کتابت حدیث کے تعلق سے اور بھی مسائل ہیں جنہیں محدث عبدالرحمٰن مبارکپوری رحمہ اللہ نے بیا ن کیا ہے۔جیسے کہ بعض صحابہ احادیث لکھا کرتے تھے،مثلاً عبد اللہ بن عمر وغیرہ ۔پھر ممانعت کا کیا مطلب ہے؟مختصر میں اس کے تین جواب یہ ہوسکتے ہیں ، ممانعت نزول قرآن کے وقت تھی ، یا پھر اجازت نے ممانعت کو منسوخ کردیا یا پھر ممانعت اس کے لیے تھی جسے التباس کا ڈ ر تھا ۔
2-صحابہ کا حافظہ انتہائی قوی تھا ،ان کا ذہن بڑا تیز تھا ،وہ اکثر چیزیں اپنے حافظے کے ذریعہ محفوظ رکھتے تھے ،لکھنے سے بہت زیادہ ان کی واقفیت نہیں تھی ، کتابت سے زیادہ وہ اپنے قوت حافظہ پر اعتماد کرتے تھے ۔
4-امام ابو داؤد رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نےرسول اللہ ﷺسے پانچ لاکھ (500000) احادیث لکھی ہیں، جن میں سے انتخاب کر کے اپنی اس کتاب (سنن ابو داؤد) میں چار ہزار آٹھ سو (4800) احادیث شامل کی ہیں، جو کہ صحیح ہیں یا صحیح کے مشابہ اور اس کے قریب تر ہیں۔اور انسان کے (دین اور عمل) کے لیے ان احادیث میں سے صرف چار احادیث کافی ہیں: 1- إنّما الأعمال بالنيات۔ 2- من حسنِ إسلامِ المرء تركه ما لا يعنيه ۔3- لا يكونُ المؤمنُ مؤمنًا حتى يرضى لأخيه ما يحبه لنفسه ۔4- الحلال بين ، والحرامُ بين ، وبين ذلك مشتبهات لا يعلمهن كثيرٌ من الناس . پہلی حدیث کا تعلق تصحیح عبادات سے ہے ، دوسری حدیث کا تعلق اوقات کی حفاظت سے ہے، تیسری حدیث کا تعلق لوگوں کے حقوق کی رعایت سے ہے، چوتھی حدیث کا تعلق شکوک وشبہات سے دور رہنے سےہے۔
5- کتب ستہ کے لیے ایک خاص رمز کا استعمال محدثین کے یہاں کیا جاتا ہے ، خ سے بخاری م سےصحیح مسلم ، ط سے مؤطا ، ت سے ترمذی ، د سے ابو داؤد ، س سے نسائی،ھ سےسنن ابن ماجہ ۔
6- ابو بکر بن حزم مدینہ میں عمر بن عبد العزیز کے قضاء وغیرہ کے معاملات میں نائب تھے ۔ امام مالک رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ مدینہ میں جو علم قضاء سے متعلق ابو بکر بن حزم کے پاس تھا وہ کسی کے پاس نہیں تھا ۔معمر ،اوزاعی ،لیث ، مالک ابن ابی ذئب اورابن اسحاق وغیرہم نے ان سےکسب فیض کیا ہے۔واقدی اور ابن سعد کے قول کے مطابق ان کا انتقال سنہ 120ھ میں ہوا ہے۔
7-بعض تاریخی حقائق سے ناآشنالوگوں کا یہ گمان ہے یا کہنا ہے کہ کتابت حدیث کا آغاز یا شروعات عہد تابعین سے ہوا ، عہد نبوی اورعہد صحابہ میں اس کا کوئی ذکر نہیں ملتا ہے، یہ بات بالکل غلط ہے ،صحیح اور معتبر بات یہ ہے کہ کتابت حدیث کا اہتمام عہد نبوی اور عہد صحابہ دونوں میں کیا جاتاتھا۔صاحب تحفہ نے مضبوط او رقوی دلائل کے ساتھ مستند حوالوں سے اس تاریخی حقیقت کو بیان کیا ہے۔
8-ابو ہریر ہ رضی اللہ عنہ کا مشہورقول ہے کہ صحابہ میں سب سے زیادہ احادیث عبد اللہ بن عمرو کے پاس تھیں ،اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ احادیث لکھتے تھے اور میں نہیں لکھتا تھا ۔ لیکن روایت حدیث کے باب میں ابو ہریرہ ان سے آگے ہیں ۔اس کےکئی سارے اسباب ہیں ۔مثلا ًعبد اللہ بن عمر و تعلیم سے زیادہ عبادت میں مشغول رہتے تھے ، فتوحات کے بعد ان کا اکثر قیام مصر وطائف وغیرہ میں رہاہے ،جن شہروں کی طرف حصول علم کےلیے عموما لوگ اسفار نہیں کرتے تھے ۔ اس کے علاوہ اور بھی اسباب ہیں جسے صاحب تحفہ نے ذکر کیا ہے۔
9-حجیت سنت اور اس پر عمل سے متعلق کئی ساری دلیلیں بیان کی گئی ہیں ۔ سورہ حشر ( وَمَا آتَاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ وَمَا نَهَاكُمْ عَنْهُ فَانتَهُوا ۚ ) اس آیت کی غلط تفسیر جو امام رازی نے مال فی سے کی ہے ،اس کی بھی وضاحت اس مقدمہ میں موجودہے۔وہ یہ کہ یہ آیت عام ہے جو رسول اللہ ﷺ کے تمام اوامر و نواہی کو شامل ہے۔
10-رسو ل اللہ ﷺ کی احادیث مجملات قرآن کا بیان اور مشکلات قرآن کا حل ہیں۔ مثلاً اللہ کا فرمان: و اقیموا الصلاۃ ،اب نماز سے متعلق جتنی احادیث ہیں وہ اسی آیت کی تفسیر و بیان ہیں ، و آتوا الزکوٰۃ اب زکوٰۃ سے متعلق جتنی احادیث ہیں وہ اللہ کے اسی فرمان کی وضاحت ہیں ۔ واتموا الصیام الی اللیل اب جتنی احادیث صیام سے متعلق ہیں وہ اللہ کے اسی فرمان کی تفسیر و وضاحت ہیں ۔
11- ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تُقَدِّمُوا بَيْنَ يَدَيِ اللَّهِ وَرَسُولِهِ ﴾(الحجرات:1)علی بن ابی طالب ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے کہتے ہیں:’’لا تقولوا خلاف الکتاب و السنۃ‘‘ یعنی کتاب و سنت کے خلاف کوئی بات نہ کہو۔
12-شرعی علوم اور عقلی علوم کی تدوین اور نشر واشاعت میں زیادہ تر عجمی ہی رہے ہیں ۔ اس کے بہت سارے اسباب بھی ہیں ، سیبویہ ، فارسی ،زجاج وغیرہ عجم سے تعلق رکھتے تھے ، کتب احادیث کے مؤلفین کی ایک بڑی تعداد عجم سے ہی تعلق رکھتی ہے۔
13-ہندوستان میں عمل بالحدیث کی دعوت اور سنت کی نشر واشاعت میں ولی اللہی خاندان کا سب سے اہم کردار رہا ہے، پھر اس کے بعد میاں نذیر حسین محدث دہلوی،نواب صدیق حسن خا ن قنوجی اور ان کے تلامذہ و رفقاء کا رہا ہے۔
14-علم حدیث میں کتابیں کئی انواع و اقسام کی تصنیف کی گئی ہیں ۔ جیسے جوامع ،مسانید ،معاجم ،اجزاء ،اربعون حدیثا وغیرہ۔
15-جوامع احادیث کی ان کتابوں کو کہا جاتاہے جس میں حدیث کی تمام اقسام شامل ہوں یعنی عقائد ،احکام ، رقاق ،کھانے پینے کے آداب سے متعلق احادیث ،تفسیر، تاریخ اور سیر ،فتن ،مناقب و مثالب ، سفر و قیام وغیرہ سے متعلق سے احادیث کو جمع کیا گیا ہو۔
16-عقائد جسے علم توحید بھی کہا جاتا ہے ،اس سے متعلق بھی علماء نے احادیث جمع کی ہیں جیسے ابو بکر بن خزیمہ کی کتاب ’’کتاب التوحید ‘‘،’’کتاب الاسماء و الصفات‘‘ بیہقی کی ۔
17-رقاق سےمتعلق احادیث جمع کرنے کا کام جسے علم السلوک والزہد کہتے ہیں ،جیسے امام احمد کی کتاب الزھد ۔
18- تفسیر سے متعلق احادیث جمع کرنے کا کام جسے علم التفسیر کے نام سے جاناجاتا ہے جیسے تفسیر ابن مردویہ ،تفسیر الدیلمی ،تفسیر ابن جریر ۔
19- تاریخ اور سیرت سے متعلق جو احادیث ہیں ان کی دو قسمیں ہیں ، پہلی قسم ان احادیث کی ہیں جن میں آسمان، زمین ،حیوانات ،جن و شیاطین ،ملائکہ ، پچھلے انبیاء او رامتوں کا ذکر ہے جسے’’بدء الخلق‘‘سے تعبیر کیا جاتا ہے۔دوسری قسم ان احادیث کی ہے جن میں نبی اکرم ﷺ،صحابۂ کرام وغیرہ سے متعلق باتیں ہیں جسے سیرت کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے جیسے سیرت ابن اسحاق ،سیرت ابن ہشام ،سیرت ملا عمر وغیرہ۔
20- کسی نے آداب سے متعلق احادیث کے جمع کرنے کا اہتمام کیا جیسے امام بخاری کی کتاب الادب المفرد۔
21-کسی نے فتنوں سے متعلق احادیث جمع کیں ، جیسے نعیم بن حماد کی کتاب الفتن ،یہ ایک مفصل کتاب ہے اس کے اندر انہوں نے تمام قسم کے رطب و یابس کو بھر دیا ہے۔اس کے علاوہ دوسری مصنفات بھی ہیں ۔
22-اتحاف المھرہ باطراف العشرہ ،یہ ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ کی ہے، عشرہ سے مراد کتب ستہ اور مسانید اربعہ ہیں ۔
23-چالیس احادیث پر مشتمل مجموعہ بھی علماء نے تیار کی ہے جیسے اربعین نووی وغیرہ ، در اصل اس جانب توجہ مبذول کرانے یا محدثین نے جو اہتمام کیا ہے ،اس کے پیچھے متعدد طرق سے مروی ایک روایت ہے جس میں ہے کہ جس نے چالیس حدیثیں حفظ کیں اللہ اسے قیامت کے دن علماء اور فقہاء کے ساتھ میں اٹھائے گا۔ واضح رہے اس معنیٰ کی ساری روایتیں ضعیف ہیں ۔
24-سب سے پہلے جنہوں نے کتب ستہ میں ابن ماجہ کا اضافہ کیا وہ فضل بن طاہر ہیں ۔
25- ملا علی قاری نے مرقاۃ میں لکھا ہے کہ جب محدثین’’الکتب الخمسة‘‘ کہیں یا ’’الاصول الخمسة‘‘ کہیں تو اس سے ان کی مراد بخاری ،مسلم ، ابو داؤد ، جامع ترمذی ،سنن نسائی ہے ۔
26-جمہور علماء کا اس بات پر اتفاق ہے کہ قرآن کے بعد سب سے صحیح کتاب صحیح بخاری ہے، امام شافعی سےجو یہ بات منقول ہے کہ سب سے صحیح کتاب زمین پر مؤطا مالک ہے ، تو ان کا یہ قول بخاری و مسلم کی تالیف سے پہلے کا ہے۔
27- ابن الاعرابی کا قول ہے کہ اگر کسی کےپاس قرآن اور ابو داؤد ہے تو اب اسےکسی دوسری کتاب کی ضرورت نہیں ہے۔ ابو داؤد کی اہمیت کی طرف اشارہ ہے۔
28-امام نووی رحمہ اللہ کا کہنا ہے :جو فقہ وغیرہ میں مشغول ہے ، اسے ابو داؤد کا مطالعہ کرنا چاہیے ،کیونکہ اکثر احکام کی احادیث جن سےمسائل کا استنباط کیا جاتاہے وہ احادیث اس کتاب میں موجود ہیں۔
29-معالم السنن یہ امام خطابی کی ہے جو ابوداؤد کی شرح ہے ، اس کی تلخیص علامہ شہاب الدین المقدسی رحمہ اللہ نے ’’عجالة العالم من كتاب المعالم‘‘سے کے نام سے کی ہے۔
30-جب محدثین کہیں: اس حدیث کو امام نسائی نے روایت کیا ہے تو اس سے مراد سنن نسائی ہے نہ کہ السنن الکبریٰ۔
31-علامہ ابن خزیمہ رحمہ اللہ نے زمزم کا پانی پینے سے پہلے اللہ رب العالمین سے علم نافع کی دعا کی ۔ابو علی نیساپوری کہتے ہیں کہ ابن خزیمہ فقہیات کو اس طرح یاد کرتے تھے جیسے لوگ سورہ یا د کرتے ہیں ۔
32-امام حاکم ان علماء میں سے ہیں جنہوں نے زمزم پیتے وقت اللہ سےیہ دعا کہ اے اللہ مجھے حسن تصنیف کا ملکہ عطا فرما۔
33-امام مسلم امام ترمذی کے استاذ ہیں ، امام ترمذی نے ان سے جامع ترمذی میں صرف ایک روایت نقل کی ہے،اس کا ذکر امام ذہبی نے تذکر ہ میں بھی کیا ہے،علامہ عراقی کہتے ہیں کہ مصنف نے امام مسلم سے یہی ایک حدیث روایت کی ہے۔حدثنا مسلم بن حجاج حدثنا يحيى بن يحيى حدثنا أبو معاوية عن محمد بن عمرو عن أبي سلمة عن أبي هريرة قال قال رسول الله أحصوا هلال شعبان لرمضان ۔
34-امام ترمذی نے جامع میں صرف دو روایتیں امام بخاری سے روایت کی ہیں۔
1- قوله (قال اللينة النخلة) أي قال بن عباس إن المراد من اللينة النخلة۔
قال الإمام البخاري ما قطعتم من لينة نخلة ما لم تكن عجوة أو برنية .دوسری : يا علي لا يحل لأحد أن يجنب في هذا المسجد غيري وغيرك ۔
35- صحیح بات یہ ہے کہ امام ترمذی رحمہ اللہ اخیر عمر میں بینائی سے محرو م ہوگئے تھے ، جولوگ یہ کہتے ہیں کہ پیدائشی طور پر وہ نابینا تھے ان کی بات درست نہیں ہے۔
جاری …….