-
ادارتی رپورٹ اگست ۲۰۲۴ء اسلامک انفارمیشن سینٹر ممبئی ہندوستان کا ایک معروف دینی، دعوتی ،تعلیمی ، تربیتی اور رفاہی ادارہ ہے، جہاں ۲۰۰۴ء سے قرآن و حدیث کی باتیں سلف کے منہج کی روشنی میں اللہ کے بندوں تک پہنچانے کا کام کیا جارہا ہے، اس کی مختلف سرگرمیوں میں سے ایک سرگرمی یہ ہے کہ یہ ادارہ جہاں کرلا اور اندھیری میں موجود سینٹر کی مساجد میں دروس کا اہتمام کرتا ہے وہیں ممبئی کی مختلف مساجد میں ہفتہ واری پروگرام کا بھی انعقاد کرتا ہے، اگست کے مہینے میں بھی یہ سلسلہ جاری رہا اور لوگوں نے ان دروس سے بھرپور استفادہ کیا۔ فللّٰہ الحمد۔
ان دروس اور پروگرامز کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے:
۱۔ کرلا: عوام کی رہنمائی کے لیے ماہ اگست کے پہلے اتوار یعنی چار اگست ۲۰۲۴ء کے دن ’’شیئر مارکیٹ:کیا صحیح کیا غلط؟‘‘کے عنوان سے محترم زید پٹیل صاحب کا پروگرام رکھا گیا جس سے عوام نے بھرپور استفادہ کیا۔
رواں مہینے کے دوسرے اتوار یعنی گیارہ اگست ۲۰۲۴ء کے دن دکتور اجمل منظور مدنی حفظہ اللہ کو درس کے لیے بلایا گیا اور انہیں ’’فلسطین کی موجودہ صورت حال اور اہل سنت کی قربانیاں‘‘کے موضوع پر خطاب کے لیے کہا گیا، دکتور صاحب نے اپنے موضوع کا حق ادا کیا اور عوام کو بہت سی نئی باتیں سیکھنے کا موقع ملا۔
ماہ اگست کے تیسرے اتوار یعنی اٹھارہ اگست ۲۰۲۴ء کے دن جماعت کی معروف و مشہور شخصیت دکتور عبد الباری فتح اللہ مدنی حفظہ اللہ کی ادارہ پر آمد ہوئی، ساتھ ہی شیخ محمد عاطف سنابلی حفظہ اللہ کو بھی درس کے لیے بلایا گیا تھا، سب سے پہلے شیخ عاطف سنابلی نے ’’دین و شریعت میں عقل پرستی کی خطرناکیاں‘‘ کے عنوان پر بہترین خطاب پیش کیا اور بتایا کہ دین میں عقل کے دخل سے کیا خطرناکیاں پیدا ہوتی ہیں، آپ کے بعد دکتور عبد الباری فتح اللہ مدنی حفظہ اللہ کو دعوت دی گئی، آپ کا خطاب کسی خاص موضوع پر نہیں تھا بلکہ آپ نے عوام اور سامعین کے سامنے نصیحت کی باتیں پیش کیں اور انہیں قرآن و سنت سے اپنا تعلق مضبوط رکھنے پر ابھارا، آپ کے خطاب کے بعد سوال و جواب کی نشست کا آغاز ہوا، حاضرین نے موقع سے پورا فائدہ اٹھایا اور آپ سے اپنے سوالوں کے جواب حاصل کیے۔پروگرام رات دس بجے اپنے اختتام کو پہنچا۔
اس مہینے کے چوتھے اتوار یعنی ۲۵؍اگست ۲۰۲۴ء کے دن جامعۃ التوحید بھیونڈی کے شیخ الجامعہ شیخ نثار احمد سنابلی مدنی حفظہ اللہ کو مدعو کیا گیا، شیخ نے اپنے درس کے لیے’’سنت کی اہمیت اور فتنہء انکار حدیث‘‘جیسے اہم موضوع کا انتخاب کیا اور سامعین کے سامنے اپنے ایک گھنٹے کے خطاب میں قیمتی اور وقیع باتیں پیش کیں اور عوام کو سنت کی اہمیت اور انکار حدیث کے فتنے سے آگاہ کیا۔
۲۔ اندھیری: کرلا کی طرح اندھیری میں بھی ماہ اگست کے ہر اتوار کو عصر کے بعد مختلف موضوعات پر مختلف علمائے کرام نے عوام سے خطاب کیا اور انہیں دین سے قریب لانے کی کوشش کی، پہلے اتوار کو شیخ ولید حسین محمدی حفظہ اللہ کا ’’علم شرعی کی اہمیت‘‘ پر خطاب ہوا، دوسرے اتوار کو سینٹر کے عالم شیخ عتیق الرحمن سلفی حفظہ اللہ نے’’اتباع یا تقلید‘‘ پر خطاب پیش کیا اور تیسرے اتوار کو سینٹر کے ہی ایک دوسرے عالم شیخ ابو البیان رفعت سلفی حفظہ اللہ نے’’علم دین کی اہمیت و فضیلت‘‘ پر اپنا فاضلانہ خطاب پیش کیا، چوتھے اتوار کو شیخ عتیق الرحمن سلفی حفظہ اللہ نے موجودہ ماحول کو سامنے رکھتے ہوئے ’’عورتوں کی عزت و احترام سے متعلق اسلامی تعلیمات‘‘ کا موضوع منتخب کیا اور سامعین کے سامنے اپنا خطاب پیش کیا۔
یہ مختصر رپورٹ ادارے کی دونوں مساجد پر پیش کیے جانے والے پروگراموں سے متعلق تھی، لیکن ادارے کی ایک اہم سرگرمی یہ ہے کہ ادارہ ممبئی کی مختلف مساجد میں بھی وہاں کے ذمہ داروں سے اجازت لے کر اس قسم کے دروس کا انعقاد کرتا ہے، چنانچہ اس مہینے کے لیے بھی الگ الگ مساجد میں پروگرام ترتیب دیا گیا، مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے:
۱۔ مہینے کے پہلے اتوار یعنی چار اگست۲۰۲۴ء کے دن شہر کی دو الگ الگ مساجد میں ادارے کے علماء نے حاضری دی اور مختلف موضوعات پر اپنا خطاب پیش کیا، چنانچہ جامع مسجد اہل حدیث مرول گاؤں، مرول، اندھیری ایسٹ کی تاریخی اور قدیم مسجد میں شیخ عبد الشکور عبد الحق مدنی حفظہ اللہ اور شیخ امتیاز عزیز رحمانی حفظہ اللہ نے بالترتیب ’’دور حاضر کے فتنے اور نجات کا راستہ‘‘ اور’’مساجد کی اہمیت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر سامعین و حاضرین کی رہنمائی کی۔
اور اسی دن شہر کے دوسرے علاقے میں واقع ’’مسجد و مدرسہ دار السلام واشی ناکہ، چیمبور‘‘میں شیخ ابو البیان رفعت سلفی حفظہ اللہ اور حافظ خلیل الرحمٰن سنابلی حفظہ اللہ پہنچے اور بالترتیب ’’مساجد میں بچوں کی تعلیم و تربیت‘‘اور ’’دعا کرنا اور دعا کروانا‘‘ جیسے اہم موضوعات پر دونوں علماء نے اپنا خطاب پیش کیا۔
۲۔ رواں مہینے کے دوسرے اتوار کو مدرسہ تعلیم الاسلام و مسجد اہل حدیث عمر بن خطاب پٹھان واڑی، ملاڈ ایسٹ میں سینٹر اور الحکمہ اسلامک سینٹر، ملاڈ کے زیر اہتمام پروگرام رکھا گیا جس میں تین علماء نے شرکت کی : فضیلۃ الشیخ کفایت اللہ سنابلی حفظہ اللہ، فضیلۃ الشیخ عبد الحکیم سماں رحمانی حفظہ اللہ (داعی الحکمہ اسلامک سینٹر) اور حافظ خلیل الرحمن سنابلی حفظہ اللہ، تینوں نے بالترتیب ’’وقت کی قدر و قیمت اور ہمارا معاشرہ‘‘،’’اسلاف امت کا عظیم کردار‘‘اور ’’آزادی کا مفہوم، اہمیت، تقاضے اور مسلمان‘‘ جیسے اہم عناوین پر خطاب پیش کیا، الحمد للہ خواتین سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور امید ہے کہ انہیں فائدہ بھی ہوا ہوگا۔
۳۔مہینے کے تیسرے ہفتے میں بتاریخ سترہ اگست۲۰۲۴ء سنیچر کے دن مسجد و مدرسہ دار الامن پانجرا پل، چیمبور میں دو علماء کے دروس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شیخ آفاق احمد مدنی حفظہ اللہ نے’’سورہ یوسف سے دس پیغامات‘‘ اور شیخ عتیق الرحمن سلفی حفظہ اللہ نے ’’ایمان پر ثابت قدمی کے اسباب‘‘ کے اہم موضوع پر عوام سے خطاب کیا۔
۴۔ رواں مہینے کے چوتھے اتوار کے دن عوامی اجتماع کے لیے مسجد اسلاف، ارے روڈ، پوئی، ممبئی کا انتخاب کیا گیا جس میں فضیلۃ الشیخ کفایت اللہ سنابلی حفظہ اللہ اور فضیلۃ الشیخ ابو البیان رفعت سلفی حفظہ اللہ نے خطیب کی حیثیت سے شرکت کی اور دونوں نے بالترتیب ’’شرح حدیث جبرئیل‘‘اور’’گھروں کی اصلاح اور خواتین‘‘ کے موضوع پر اپنا اپنا قیمتی خطاب پیش کیا۔
اہم اطلاع:
ادارے کی ایک خوبی یہ ہے کہ ادارہ آف لائن یعنی زمینی سطح پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ آن لائن بھی مختلف سرگرمیاں انجام دیتا ہے، جیسے ہر سنیچر دوپہر ڈھائی بجے سے ساڑھے تین بجے تک شیخ عبدالشکور عبد الحق مدنی حفظہ اللہ کا ’’الادب المفرد‘‘ کتاب کی تشریح کی کلاس، ہر منگل و جمعرات شیخ آفاق احمد مدنی حفظہ اللہ کا مکمل تفسیر قرآن کا کورس، ساتھ ہی ساتھ ہر سوموار رات ساڑھے نو بجے سے ساڑھے دس بجے تک مختلف اہم موضوعات پر عوام اور بطور خاص نوجوانوں کی تربیت کے لیے لائیو اسٹریم کا انعقاد اور ہر اتوار دوپہر ڈھائی بجے سے ساڑھے تین بجے تک شیخ عبدالشکور عبدالحق مدنی حفظہ اللہ سے لائیو سوال و جواب کا سیشن، یہ تمام اہم آن لائن سرگرمیاں الحمدللہ جاری ہیں جو مسلسل ہو رہی ہیں اور عوام الناس کی ایک کثیر تعداد ان سے فائدہ بھی اٹھا رہی ہے۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اللہ ادارے کو ترقی دے، کامیابی دے اور منہج سلف کی روشنی میں دینی سرگرمیاں انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
٭٭٭